لاہور : رانا ثناءاللہ نے کہاہے لوکل گورنمنٹ نظام کے ذریعے حکومت اپنی آمریت قائم کرنا چاہتی ہے لیکن ن لیگ ان کو ایسا ہر گز نہیں کرنے دے گی۔
تفصیلات کے مطابق ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر فرودوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل میں رانا ثناءاللہ نے کہاہے کہ حکومت کو معلوم ہے کہ ان کی نااہلی اوربدترین کارکردگی کی وجہ سےکوئی ان کوووٹ نہیں دیگا،نااہل اور نالائق حکومت کے اتحادی تک اس نظام کے حق میں نہیں ہیں۔ ن لیگ اس قانون کیخلاف ڈٹ کرکھڑی رہے گی اور حکومت کو عوام کے حقوق چھیننے نہیں دیگی ،نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ ایک نئے سیاسی بحران کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہ سیاسی عدم استحکام لانے کی سازش جاری ہے اورعوام کے یونین کونسل سطح کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، سیاسی مفاد میں سارا نظام درہم برہم کیا جا رہا ہے، پنجاب میں لوکل گورنمنٹ نظام کے ذریعےاپنی آمریت قائم کی جارہی ہے۔ یہ لوگ تو اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے، یہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں، نااہل اور نالائق حکومت عوام پر ظلم کر رہی ہے۔
لیگی رہنما نے کہ ایک سال کے اندر نئے الیکشن کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا، اب اس سے بھاگ رہے ہیں، نئے قانون کے تحت یہ نالائق حکمران لوکل گورنمنٹ کے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔