اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں کا مقصد ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کو سبوتاژکرنے کی کوشش ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے پی سی ہوٹل گوادر پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور اس ملک کی سیکیورٹی فورسز ایسی قوتوں کو شکست دیں گی جو ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس طرح کے ایجنڈے کی تکمیل کسی صورت میں نہیں ہونے دیں گے۔وزیر اعظم نے پی سی ہوٹل گوادر میں سیکیورٹی گارڈز اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کی تعریف بھی کی جبکہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
گزشتہ روز بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہوا تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں حملہ کرنے والے تینوں دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہوٹل کا سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گیا۔واضح رہے کہ گوادر کے مذکورہ فائیو اسٹار ہوٹل کے قریبی علاقوں میں حکومت پاکستان اور سی پیک کے منصوبے جاری ہیں جہاں کام کرنے والے انجینئرز ہوٹل میں قیام کرتے ہیں۔