پشاور: پنجاب کے بعد پشاور میں بھی جعلی شادیاں رچانے والا چینی گینگ سامنے آگیا۔ ضلع تہکال پایاں میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ مسکان کی شادی فروری میں سوبینجی نامی چینی باشندے سے کرائی گئی، متاثرہ لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ مسکان کا شوہر شادی کے بعد اسلام آباد لے گیا، جس کے بعد گھر والوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
جعلی شادی سکینڈل پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ معاملے پر پاکستان اور چین کے حکام رابطے میں ہیں، چینی سیکیورٹی اہلکاروں نے پاکستان کا دورہ کیا اور چینی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ادھر لاہور میں گرفتار چینی باشندوں سمیت 13 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کر دی گئی۔