کوئٹہ:سانحہ سہون کے خودکش بمبار کے مبینہ سہولت کار طاہر کو گرفتارکرلیا گیا،حساس ادارے نے ملزم کو بلوچستان کے علاقے اوتھل سے حراست میں لیا۔ذرائع کے مطابق ملزم طاہر پر خود کش حملہ آور کو اوتھل سے سہون پہنچانے کا الزام ہے، ملزم طاہرخودکش حملہ آور کو سہون چھوڑ کر سہولت کاروں کے ساتھ اوتھل واپس آگیا تھا۔ملزم طاہرسندھ میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث عبدالحفیظ پندرانی کیساتھ کام کرتا رہا۔
رواں سال 16فروری کو لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کے احاطے میں اس وقت دھماکا ہوا جب زائرین کی جانب سے دھمال ڈالا جا رہا تھا۔ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکے میں 80 سے زائد زائرین شہید اور 200سے زائد زخمی ہوئے تھے۔شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا۔ پولیس ذرائع کا کہناتھا ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔ حملہ آور گولڈن گیٹ سے مزار کے احاطے میں داخل ہوا۔ مزار کے سجادہ نشین مہدی شاہ کے مطابق بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے وقت سیکڑوں لوگ مزار کے احاطے میں موجود تھے۔ واضح رہےجمعرات کے روز لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر زائرین کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ اس سے پہلے بلوچستان میں بھی حضرت شاہ نورانی کی درگاہ پر دھماکا ہوا تھا جس میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔