اسلام آباد: انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام ’گوگل والٹ‘ متعارف کرا دیا۔
گوگل کے مطابق، 12 مارچ 2025 سے پاکستانی صارفین گوگل والٹ کو استعمال کر سکتے ہیں اور اسے گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ڈیجیٹل بٹوا صارفین کو اپنے بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر ڈیجیٹل دستاویزات محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ والٹ میں ہونے والی تمام ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوں گی، یعنی صارفین کے بینکنگ ڈیٹا کا مکمل تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ ماسٹر کارڈ اور ویزا کارڈ کے حامل صارفین اپنے بینک کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کر سکتے ہیں۔
پاکستان میں بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک نور، جاز کیش، ایچ بی ایل، میزان بینک اور یو بی ایل کے کارڈ ہولڈرز فوری طور پر اس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ جلد ہی الائیڈ بینک، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، جے ایس بینک اور زندگی کے کارڈز بھی گوگل والٹ میں شامل کیے جا سکیں گے۔
گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ "پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، ایسے میں گوگل والٹ ایک محفوظ، موثر اور جدید ادائیگی کا نظام فراہم کرے گا۔"
یہ اقدام ڈیجیٹل بینکنگ اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔