کراچی: پاک سوزوکی نے اپنی مقبول ہیچ بیک گاڑی ویگن آر کی نئی بکنگ مستقل طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ڈیلرز کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ معطلی 11 مارچ 2025 سے نافذ العمل ہوگی۔ پاک سوزوکی نے تمام ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سیلز ٹیموں اور ممکنہ خریداروں کو اس فیصلے سے آگاہ کریں۔
پاکستان میں 2014 میں متعارف کرائی گئی ویگن آر نے اپنی ایندھن کی بچت اور عملی ڈیزائن کی وجہ سے زبردست مقبولیت حاصل کی تھی۔ ابتدائی طور پر، یہ گاڑی تین ویرینٹس میں پیش کی گئی تھی۔
پاک سوزوکی کی جانب سے اس فیصلے کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں، تاہم ماہرین کے مطابق، مقامی آٹو انڈسٹری میں جاری بحران، مہنگی پیداوار اور ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے باعث کمپنی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔