کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور اس دوران اپنی حکومت کے اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔
ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، ارکانِ اسمبلی، بیوروکریٹس اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔
خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے وژن کے مطابق مختلف اقدامات کیے ہیں اور ان کا مقصد صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا اور اس میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہاریوں کے لیے ڈیجیٹل ہاری کارڈ کا اجراء کیا، جس کے تحت ہاریوں کو رجسٹر کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران سندھ حکومت نے 28 ارب روپے کسانوں کو فراہم کیے اور 13,428 طلباء کو گریجویٹ کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے 196 نئی سڑکوں کی سکیمز شروع کیں اور 2,500 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کیں۔ علاوہ ازیں، سندھ حکومت نے 14 سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا، جس سے ان عمارتوں میں توانائی کی کھپت میں 80 فیصد کمی آئی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سندھ حکومت رواں سال گندم نہیں خریدے گی، کیونکہ صوبے کے پاس 1.3 ملین ٹن گندم موجود ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گندم کی کوالٹی انتہائی بہتر ہے اور اس کی جانچ ایک کمپنی کے ذریعے کی گئی۔