ممبئی: بھارت کی ایک ٹیلی کام کمپنی نے سپیس ایکس کے ساتھ سٹار لنک انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سٹار لنک کی لائسنس کی درخواست ابتدائی طور پر منظور ہو چکی ہے، اور بھارتی کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپیس ایکس کو بھارت میں سٹار لنک کی فروخت کے لیے ضروری اجازت نامے حاصل کرنا ہوں گے، جس کے بعد معاہدہ نافذ ہوگا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق، دونوں کمپنیاں مل کر سٹار لنک کے آلات کو ریٹیل دکانوں میں متعارف کرانے، کاروباری صارفین کے لیے سٹار لنک سروس فراہم کرنے اور دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گی۔ یہ معاہدہ بھارت میں سٹار لنک کی سروس کے پھیلاؤ کے لیے اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
سپیس ایکس کی چیف آپریٹنگ آفیسر گوین شوٹویل نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھارتی کمپنی کے ساتھ کام کرنے اور سٹار لنک کے ذریعے لوگوں تک انٹرنیٹ پہنچانے کے لیے پُرجوش ہیں۔