ایران کاامریکا کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے کااعلان

01:59 PM, 12 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا ایران کو دھمکیاں دینا اور احکامات صادر کرنا بالکل قابل قبول نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر نے کاروباری شخصیات کے ساتھ ایک ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جو کرنا چاہتا ہے کرے، مگر ایران ایسی بات چیت کو قبول نہیں کرے گا جو دھمکیوں کے تحت ہو۔

یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو لکھے گئے خط کے بعد سامنے آیا۔ ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے دو طریقے ہیں: ایک فوجی کارروائی اور دوسرا معاہدے کے ذریعے بات چیت۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ جنگ کو ترجیح نہیں دیتے اور ایران کو نقصان پہنچانے کی خواہش نہیں رکھتے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر کے خط کا ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بدمعاشی کرنے والے ممالک مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے مطالبات منوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے میزائل پروگرام کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی مطالبے کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بھی امریکا کے ساتھ کسی بھی بات چیت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی دباؤ کے تحت مذاکرات نہیں کرے گا۔

مزیدخبریں