پنجاب کے سکولوں میں ’گڈ ٹچ بیڈ ٹچ‘ بارے آگاہی دینے کا فیصلہ

پنجاب کے سکولوں میں ’گڈ ٹچ بیڈ ٹچ‘ بارے آگاہی دینے کا فیصلہ

لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک اہم مراسلہ بھیجا ہے، جس میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" کے بارے میں آگاہی کو بچوں کے نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ وہ ذاتی تحفظ کے بارے میں جان سکیں۔

مراسلے کے مطابق، ابتدائی کلاسز کے سلیبس میں "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" کی تعلیم شامل کی جائے تاکہ بچے درست معلومات کے ساتھ نامناسب رویے کو پہچان کر اس کی رپورٹ کر سکیں۔ والدین اور اساتذہ کو یہ تعلیم دینی چاہیے کہ بچے گھر اور باہر میں ہونے والے نامناسب رویے کی اطلاع کیسے دیں۔

محکمہ داخلہ نے مزید کہا کہ جنسی استحصال کا شکار بچے زندگی بھر کے لیے ذہنی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں، اور بچوں کو محفوظ رکھنا اور استحصال کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دلوانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بچوں کو سکھایا جائے کہ جنسی استحصال کی کوشش کرنے والوں سے نہ ڈریں بلکہ ان کو بے نقاب کریں۔

مراسلے میں ماہرین سے مدد لینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" کے ماڈیول کو نصاب میں شامل کیا جا سکے اور نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے فوری حکمت عملی تیار کی جائے۔

مصنف کے بارے میں