کوئٹہ : پاکستان ریلوے نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بلوچستان کے لیے تمام ٹرین سروسز کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر، جعفر ایکسپریس کو تین روز کے لیے معطل کیا گیا ہے، اور کراچی جانے والی بولان میل کی سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، عامر علی بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے لیے تمام مسافر اور مال بردار ٹرینیں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے علاقے کی کلیئرنس نہیں دی جاتی۔ انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور حالت معمول پر آنے تک ٹرین سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔
گزشتہ روز دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز نے کلیئر آپریشن کے دوران 155 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کر لیا اور 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد بھارت اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس غیر معمولی طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔ ہندوستانی میڈیا، سوشل میڈیا، اور دشمن قوتوں کے اکاؤنٹس مسلسل گمراہ کن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اس پروپیگنڈے میں پرانی ویڈیوز، مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز، پرانی تصاویر، فیک واٹس ایپ پیغامات اور پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ عوام میں بے چینی پیدا کی جائے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی پاکستان مخالف مواد پھیلانے میں بھارتی میڈیا کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، اور خود ساختہ بلوچ رہنماؤں کے تجزیوں کو پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عوام کو سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے سے بچنا چاہیے اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرنی چاہیے۔