اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کو سراہا ہے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی اور قابلِ مذمت عمل ہے اور یہ بلوچ قوم کی روایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی جو جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو بروقت ریسکیو کرنے میں کامیاب ہوئیں۔'
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا سدباب کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور ان کی شکست تک جنگ جاری رہے گی۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں بدامنی اور انتشار پھیلانے والے کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہےگی۔