اڈیالہ جیل:دہشتگردی کا خدشہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، میڈیا کوریج پر پابندی

01:00 PM, 12 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ انٹیلیجنس اطلاعات کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ کیا ہے۔  ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ محکمۂ داخلہ پنجاب نے کیا،لاقاتوں پر پابندی کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہو گا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیل میں سرچ آپریشن بھی کیا جائے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو فیصلے سے آگاہ بھی کردیا ہے۔

یاد رہے کہ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، پرویز الہیٰ اور سابق وزیر فواد چوہدری بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔جیل انتظامیہ نے منگل اور جمعرات کا دن ملاقاتوں کے لیے مختص کر رکھا تھا۔

 
اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی تھی اور اڈیالہ جیل گیٹ 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیرئیر لگا دیئے۔ میڈیا کیمروں والی مخصوص جگہ پر قناتیں لگا کر رکاوٹ کھڑی کر دی ۔

ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار کا کہنا  ہے کہ  میڈیا کو آج کوریج کی اجازت نہیں، میڈیا ٹیمیں جیل سے 2 کلومیٹر دور چلی جائیں۔

مزیدخبریں