اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عدالتی فیصلوں کی روشنی میں قومی اسمبلی کے 37 حلقوں میں شیڈول ضمنی انتخابات ملتوی کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے 37 حلقوں میں 16 اور 19 مارچ کو ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا تاہم عدالتی فیصلوں کی روشنی میں انہیں ملتوی کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں، بلوچستان کی قومی اسمبلی کی ایک نشست پر، اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں اور خیبرپختونخواہ کے قومی اسمبلی کے 24 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں۔