اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی ریلیوں پر پابندیوں کے خلاف درخواستوں پر غور کیلئے اہم اجلاس 13 مارچ بروز پیر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت کل صبح ساڑھے 10 بجے ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر بابراعوان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے اور الیکشن مہم پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے، الیکشن کمیشن دفعہ 144 کے نفاذ کو ختم کرے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کر رہی ہے، پنجاب حکومت پی اییس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی ریلی اور پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے، ریلی ساڑھے پانچ بجے ختم ہو گی جبکہ میچ سات بجے شروع ہو گا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سے قبل کسی شہر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا، پنجاب حکومت غیر قانونی طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن مہم روک رہی ہے۔