لاہور : تحریک انصاف بھی ڈٹ گئی۔ عمران خان کی قیادت میں آج ریلی نکالی جائے گی۔ شاہ محمودقریشی نے دفعہ 144کیخلاف آج الیکشن کمیشن اور لاہور ہائیکورٹ جانے کا بھی اعلان کیا۔ کہتے ہیں الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد دفعہ 144کا کوئی جوازنہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد اور اسلم اقبال نے پہلی پٹیشن الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ۔
شاہ محمود قریشی نے رات گئے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پارٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ عمران خان آج ریلی کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے دفعہ 144 کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن لاہور سے درخواست کریں گے کہ انتخابات کا اعلان ہوچکا تو ریلی کی پابندی کا جواز نہیں۔
شاہ محمود نے کہا کہ پابندی کے خلاف آج چھٹی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت انتخابات سے فرار اور تصادم چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 لگا دی ہے، ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد ہوگی۔