اسلام آباد:تحریک عدم اعتماد سے قبل ہی اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیخلاف نیا پنڈورا باکس کھول دیا ۔
تفصیلات کے مطابق نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اسپکیر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کا پیشگی اعلان کرکے اسد قیصر نے قومی اسمبلی کی اسپیکرشپ کے عہدے سے دغا کیا ہے،اسد قیصر کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ تحریک انصاف کے پارٹی کے عہدے پر تعینات نہیں بلکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ہیں۔
اپنے رد عمل میں شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ متنازع بیانات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر عدم اعتماد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے،اسپیکر قومی اسمبلی پورے ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا عدم اعتماد کو غیر ملکی سازش قرار دینے والے اسد قیصر ہاؤس کا اعتماد کھو چکے ہیں،اسد قیصر کے بیانات ان کے متنازع اسپیکر ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔شیریں رحمان نے سوال کیا کہ اسپیکر کیسے کہہ سکتے ہیں عدم اعتماد ناکام ہوگی؟