تحریک عدم اعتماد، وزیراعظم کا ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کا فیصلہ

02:10 PM, 12 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر خود بھی سرگرم ہو گئے ہیں جنہوں نے آئندہ 2 روز ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان تحریک عدم اعتماد پر ساتھیوں کو اعتماد میں لینے کیلئے آئندہ 2 دن یعنی ہفتے اور اتوار کے روز متعدد ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کرنے والے ارکان کی فہرست تیار کرلی گئی ہے جنہیں وزیراعظم اپنی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کے تحفظات بھی دور کئے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اس حوالے سے ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے پر اصولی اتفاق کرلیا گیا اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے تمام اراکین کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کیلئے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے جس پر 86 ارکان کے دستخط موجود ہیں جن میں (ن) لیگ، پی پی اور اے این پی کے ارکان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کیلئے 172 ارکان کی حمایت ضروری ہے، اپوزیشن کے پاس 162 ارکان موجود ہیں اور اسے مزید 10 ارکان کی حمایت درکار ہے۔

مزیدخبریں