لاہور: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شعیب صدیقی اپنی ہی جماعت کے سینیٹر اعجاز چوہدری پر برس پڑے اور کھری کھری سنا دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر سینیٹر اعجاز چوہدری نےعلیم خان کی نواز شریف سے ملاقات کی خبر پر طنزیہ تبصرہ کیا جو شعیب صدیقی کو بالکل پسند نہ آیا اور انہوں نے سینیٹر اعجاز چوہدری پر جوابی وار کر دیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں خبر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ذرائع کے مطابق علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے خفیہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجے ہوئی۔ علیم خان کو گھر کے عقبی دروازے سے داخل کیا گیا۔‘ تاہم انہوں نے اپنی ٹویٹ میں خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ’ خفیہ ملاقات اور عقبی دروازے سے داخلہ، یہ وقت بھی آنا تھا۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے ٹویٹ کے بعد شعیب صدیقی میدان میں آئے اور اعجاز چوہدری پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ۔ انہوں نے لکھا کہ ’جماعت اسلامی سے کرپشن کی بنیاد پر نکالے جانے والے اب بتائیں گے کہ کس کا کیسا وقت چل رہا ہے؟ ہر عہدے کی قیمت لگوا کر بیچنے والا اب دوسروں کو تعلیم دے گا؟ یہ وقت بھی آنا تھا۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ کے رہنما اور سابق وزیر عبدالعلیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے لندن میں ملاقات کی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔اہم ملاقات طویل دورانیے کی تھی جو تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا اہتمام مشترکہ دوستوں نے کیا تھا ۔