’طلال صاحب یہ کوئی تنظیم سازی نہیں بلکہ یہ جمہوری جدوجہد ہے‘، بلاول کا لیگی رہنما کو جواب

09:31 PM, 12 Mar, 2021

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کے طنز جملے پر جواب دے دیا۔ 

طلال چوہدری نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کے ہارنے پر طنز کیا تھا اور کہا تھا کہ ‘بلاول بھٹو صاحب! “نیوٹرل” کا مزہ آیا‘۔ اس حوالے سے بلاول نے پریس کانفرنس کے دوران  کہا کہ ’طلال صاحب یہ کوئی تنظیم سازی نہیں بلکہ یہ جمہوری جدوجہد ہے‘۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طلال چوہدری کی طرح میں 2018 سے جدوجہد نہیں کررہا، میں تین نسلوں سے جمہوری جدوجہد کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدواروں نے اپوزیشن امیدواروں کو شکست دی۔ 

حکومت کے نامزد کردہ صادق سنجرانی ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں مرزا محمد آفریدی نے کامیابی حاصل کی جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری کو شکست ہوئی۔

صادق سنجرانی کو 48 اور یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ الیکشن کے دوران 98 ووٹوں میں سے کوئی بھی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ فاتح امیدوار محمد مرزا آفریدی نے 54 ووٹ حاصل کیے اور مولانا عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ حاصل کیے۔

مزیدخبریں