بھارتی ماڈل پر ڈلیوری بوائے کے تشدد کی اصل کہانی سامنے آگئی

بھارتی ماڈل پر ڈلیوری بوائے کے تشدد کی اصل کہانی سامنے آگئی
سورس: File photo

بنگلور ، ٹاپ بھارتی ماڈل اور میک اپ ایکسپرٹ ہتیشیا چندرانی پر ڈلیوری بوائے کے تشدد کی اصل کہانی سامنے آگئی 

بھارتی شہر بنگلور میں ماڈل اور میک اپ آرٹسٹ ہتیشیا چندرانی نے پولیس کو شکایت کی کہ ڈلیوری بوائے نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ جس پر پولیس نے فوری طورپر مقامی ریسٹورنٹ کمپنی کے ڈلیوری بوائے کو گرفتار کرلیا ۔ 

ماڈل ہتیشیا چندرانی نے پولیس کو درخواست میں موقف اپنایا کہ میں نے آن لائن سروس کے ذریعے کھانا منگوایا لیکن ڈلیوری بوائے انتہائی دیر سے کھانا لے کر پہنچا تو میرے  استفسار پر مجھے گالیاں دیں اوراس کے بعد مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ۔

ڈلیوری بوائے کامراج نے پولیس کے سامنے ماڈل ہتیشیا چندرانی کے الزامات کی تردید کی ۔ اس کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی وجہ سے وہ کھانا وقت پر نہیں پہنچا سکا ۔ 

جب میں نے میڈم سے کہا کہ ٹریفک کی وجہ سے دیر ہوگئی ہے لہذا مجھے معاف کردیں  تو اس نے مجھے پہلے گالیاں دیں اور کہا کہ میں نے کھانا نہیں لینا جس پر میں ڈر گیا کیونکہ مجھے کمپنی کو کھانے کے پیسے اپنی جیب سے دینا پڑنے تھے ۔ 

میں نے میڈم سے درخواست کی کہ پلیز آپ کھانا لے لیں ورنہ مجھے یہ پیسے کمپنی کو ادا کرنا پڑیں گے  جس پر میڈم نے مجھے گالیاں دینا شروع کردیں ۔اس وقت انہوں نے کھانا لے لیا اور پیسے دینے سے انکار کردیا ۔جب میں نے پیسے مانگے تو میڈم نے مجھے چپل مارنا شروع کردی وہ میرے پیچھے لفٹ تک آگئیں ۔ انہوں نے مجھے غلام تک کہہ کر پکارا ۔ 

 کامراج نے کہا کہ چندرانی نے اس کے ساتھ بہت بدتمیزی کی اور اس کے پیچھے لفٹ تک چلی گئی اس دوران اس نے مجھے چپل مارنا شروع کردی اپنے بچاؤ کیلئے میں نے اس کا ہاتھ روکنے کی کوشش کی تو اس کی انگوٹھی اسی کی ناک پر جالگی جس سے اس کی ناک سے خون نکلنے لگا۔

کامراج نے کہا کہ میں دو سال سے زیادہ عرصے سے یہ کام کر رہا ہوں اور یہ پہلا موقع ہے کہ جب مجھے اس طرح کی آزمائش سے گزرنا پڑا۔

دوسری جانب مذکورہ خاتون ہیتیشا چندرانی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم کامراج کے الزام کی سختی سے تردید کی ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسے چپل نہیں ماری اور میری انگوٹھی بھی ایسی نوک دار یا سخت نہیں کہ اس سے ناک پر اتنی گہری چوٹ لگے۔