سینیٹرز ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے صادق سنجرانی کو ووٹ دیں گے: فردوس عاشق اعوان

سینیٹرز ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے صادق سنجرانی کو ووٹ دیں گے: فردوس عاشق اعوان
کیپشن: سینیٹرز ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے صادق سنجرانی کو ووٹ دیں گے: فردوس عاشق اعوان
سورس: file

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سنجرانی کا کردار سینٹ کا وقار جبکہ  پی ڈی ایم لوٹ مار کا شاہکار ہے۔ 

فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا کہ باضمیر اراکین سینیٹ ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپوزیشن کی لوٹ مار، جھوٹ، منافقت، ضمیر خریدنے کی سیاست اور ملکی اداروں کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو پاتال کی گہرائیوں میں دفن کرتے ہوئے حق اور سچ کا علم بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور اتحادی ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انشاءاللہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے کپتان کے نامزد کردہ امیدوار منتخب ہوکر کرپٹ سیاسی یتیموں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ چیئرمین کا انتخاب آج ہو رہا ہے ۔ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے پولنگ جمعے کے بعد 3 بجے شروع ہوگی۔ حکومت کی طرف سے چیئرمین کیلئے صادق سنجرانی اور دپٹی چیئرمین کیلئے مرزا ٓآفریدی امیدوار ہیں۔

اپوزیشن کی طرف سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی  چیئرمین کے امیدوار ہیں جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری ڈپٹی چیئرمین کیلئے امیدوار ہیں۔ حکومت کو 47 اور اپوزیشن کو 51 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔