لندن: پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں ماضی میں دو سال تک ہراساں کیا جاتا رہا۔
جمائما گولڈ سمتھ کی جانب سے یہ انکشافات ان کی حالیہ ٹویٹس میں سامنے آئے ہیں۔ یہ بیان دراصل انہوں نے ایک برطانوی خاتون صحافی جوجو مویس کی ٹویٹ کے جواب میں دیا۔
برطانوی صحافی جوجو مویس نے لکھا تھا کہ ہم خواتین کو بچپن سے ہی اپنا خوف کس طرح دبا کر رکھنا پڑتا ہے، میرا نہیں خیال کسی مرد کو اس بات کی سمجھ ہو سکتی ہے۔
جوجو مویس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ صرف 14 سال کی تھی، تب سے ہمیشہ اپنے ہاتھوں میں چابیاں دبا کر رکھتی ہوں، باہر نکلتے ہوئے اپنے جوتے صحیح سے باندھ لیتی ہوں تاکہ ہراساں ہونے کی صورت میں میں بھاگ سکوں۔
برطانوی صحافی کے اس ٹویٹ کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے اپنی زندگی کا لخ تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بات بالکل درست ہے۔
جمائما گولڈ سمتھ نے لکھا کہ بعض لوگوں کو پیدل چلنے کا خوف ہوتا ہے، اس لئے وہ ٹیکسی میں سفر کو ترجیح دیتے ہیں لیکن میں انھیں بتانا چاہتی ہوں کہ اس میں بھی وہ محفوظ نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں سوال اٹھا کہ کتنے لوگ ہیں آپ میں سے جن کو سفر کے دوران ٹیکسی ڈرائیوروں سے خوف محسوس ہوا؟
اس سے آگے جمائما گولڈ سمتھ نے جو الفاظ استعمال کئے وہ دہلا دینے والے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا کہ ایک مرد ٹیکسی ڈرائیور نے انھیں 2 سال تک ہراساں کرتا رہا۔
(بشکریہ نئی بات)