عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک مرتبہ پھر کریش کرگئیں

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک مرتبہ پھر کریش کرگئیں

دبئی:  ایک طرف دنیا بھر میں پھیلی موذی کورونا وائرس کی وباءاور دوسری طرف سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل قیمتوں بارے جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تاریخی پستی کو چھو رہی ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق گزشتہ روز ایک بار پھر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کریش کر گئیں۔ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 1.91ڈالر فی بیرل یا 5.3فیصد کی کمی ہوئی جس سے اس کی قیمت 33.88ڈالر فی بیرل پر آ گئی اور اس کی ٹریڈنگ اسی قیمت کے آس پاس ہوتی رہی۔

یو ایس کروڈ آئل کی قیمت میں 1.74ڈالر فی بیرل یا 5.3فیصد کمی ہوئی جس سے اس کی قیمت 31.24ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔رواں سال جنوری میں تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر تھی جس کے بعد اب تک اس میں 50فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی ایک وجہ امریکہ کی طرف سے یورپی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی بتایا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ہم کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے یورپ پر سفری پابندیاں بھی لگائیں گے۔ان عوامل کے پیش نظر مارکیٹ کے ذرائع امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ مستقبل قریب میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔