اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ شہبازشریف وطن واپس آجائیں گے ،شہبازشریف مجبوری کے تحت وطن سے باہر ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن تقسیم نہیں ایک ہی جماعت ہے،اختلاف رائے ہر جماعت میں ہوتی ہے اور اس کا احترام کرنا اچھی بات ہے،انہوں نے کہاکہ شہبازشریف پارٹی کے صدر اور مریم نواز نائب صدر ہیں ،مریم نوازکا مسلم لیگ ن میں کردار ہے اوروہ اس وقت ضمانت پر ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پارٹی رہنما ﺅں کا موقف ہے اپوزیشن لیڈر کو جلد از جلد آنا چاہئے،ن لیگی رہنما ﺅں نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شہباز شریف کے آنے کی بات کی،شہبازشریف نے پارٹی کو بہت وقت دیا ان کو بھی ذاتی معاملات کےلئے وقت دینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنماوَں کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں کی خبریں ٹی وی پر دیکھیں،ناراض رہنماوَں کا موقف جاننے کی کوشش کریں گے،ساتھ نہ رہنا چاہیں تو نکالے جائیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو این آر او کا وسیع تجربہ ہے ،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو یا اعتزاز احسن کو کوئی مسئلہ ہے تو کہہ دیں، اعتزاز احسن اور بلاول ٹی وی پر نمبر نہ بنائیں ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں عورت مارچ ہوا ،اپوزیشن کے مارچ کی ضرورت نہیں، اپوزیشن میں ن لیگ کی جماعت ہی بول رہی ہے،دیگر اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف بولتی ہیں نہ عوام کے حق میں۔
ا نہوں نے کہا ہے کہ گھروں کے منصوبے پر عمل درآمد حکومت کے بس کی بات نہیں،وزیراعظم ناپ تول اور سمجھ بوجھ سے بات کرتے ہیں، لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف جیسی شخصیت ملک میں نہیں،نوازشریف کی بیماری معمولی نہیں،علاج کے بعد ضرور آئیں گے۔