لندن: برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم تھریسا مے یورپی یونین کے وفد سے آئرش بیک اسٹاپ پر تبدیلیاں منظور کروانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ جس کے بعد تبدیل شدہ بریگزٹ ڈیل پر برطانوی پارلیمنٹ میں آج ووٹنگ ہو گی۔
وزیراعظم تھریسامے کے ترجمان جیمس سلیک نے میڈیا کو بتایا کہ اگر پارلیمنٹ نے ترمیم شدہ بریگزٹ ڈیل منظور نہ کی تو پھر نو ڈیل بریگزٹ پر بھی ووٹنگ ہو گی اور یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے پر نظر ثانی بھی کی جا سکے گی۔
دوسری جانب یورپی یونین کے صدر جین کلاڈ جنکر کا کہنا ہے کہ اگر برطانوی پارلیمنٹ نے تبدیل شدہ بریگزٹ ڈیل منظور نہ کی تو برطانیہ کو تیسرا موقع نہیں دیا جائے گا۔
یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے اسٹراسبرگ میں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ فریقین نے بریگزٹ معاہدے کے ایک ایسے اضافی حصے پر اتفاق کر لیا ہے جس پر عمل درآمد قانوناﹰ دونوں کے لیے لازمی ہو گا۔
اس پیش رفت کے باوجود برطانوی اپوزیشن رہنما جیرمی کوربن نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ آج منگل کو ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں میں بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے لیے ہونے والی مجوزہ رائے شماری میں اس معاہدے کو دوبارہ مسترد کر دیا جائے۔
خیال رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے عنقریب اخراج کے لیے پہلے سے طے شدہ معاہدے میں ترمیم شمالی آئرلینڈ کی سرحد کی نگرانی سے متعلق دستاویز کے متنازعہ حصے کے بارے میں ہے۔