اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر طلال چودھری نے کہا ہے کہ عملی طور پر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب مکمل ہوگئے ، لگتا ہے سنجرانی صاحب کا انتخاب نہیں بھرتی ہوئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اصول پرستی، تبدیلی اور انقلاب لانے والے آج بے نقاب ہوگئے۔ زرداری جو ایک بیماری تھا وہ بنی گالا تک پہنچ چکی ہے، آج تحریک انصاف کی اصول پسندی اور سیاست خرید کر دکھائی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلائی گئیں، اسمبلیاں تحلیل کرنے کی کوشش کی گئی، یہ سیاسی بہروپیے جو خود اسمبلی آتے نہیں، ووٹ کی طاقت سے صدر، وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔ آصف زرداری جلد اعلان کریں گے کہ ان کا بھٹو سے کوئی تعلق نہیں، یہ اب بھٹو کی قبروں پر کس منہ سے جائیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ عام انتخابات میں فیصلہ پارٹی نمائندے نہیں عوام کریں گے۔ پاکستان میں 2 ٹیمیں بن چکی ہیں ایک جمہوری الیون اور دوسری جمہورا الیون، جمہورا الیون میں ڈگڈگی بجتی ہے، خان صاحب ناچ کر دکھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے نظریے اور اصول پر کھڑے ہیں، ہم نے ووٹ کی بھیک نہیں مانگی، ہمیں ووٹ نہیں اصول کی جیت چاہیے۔ ہمیں وزارت عظمی ٰ نہیں، اپنے اصول کی جیت چاہیے۔ جو ووٹ کی خرید وفروخت کرتے ہیں انہیں 2018 میں جواب مل جائے گا۔ نواز شریف جس جگہ کھڑے ہو جائیں وہاں جلسہ ہوتا ہے۔ این اے 120 میں نواز شریف کا نظریہ جیتا۔