علیم خان انکوائری میں نیب کے ساتھ تعاون کریں: جسٹس علی باقر نجفی

07:07 PM, 12 Mar, 2018

لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی نیب انکوائری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت، جس پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس علی باقر نجفی نے ان کو نیب کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے علیم خان کی نیب انکوائری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ علیم خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ نیب نے 3 مرتبہ ویژن ڈویلپرز کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا اور تینوں ہی مرتبہ اسے بند کر دیا گیا۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ قانون کے مطابق 3 مرتبہ بند کردہ انکوائری دوبارہ نہیں کهولی جا سکتی، کورٹ بھی بند انکوائری کھولنے کے خلاف حکم امتناع جاری کر چکی ہے۔

دلائل سننے کے بعد جسٹس علی باقر نجفی نے فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کو ہدایت کی کہ وہ نیب حکام سے تعاون کرے جبکہ نیب حکام کو پی ٹی آئی رہنما کو ہراساں کرنے اور ان کی تضحیک کرنے سے روک دیا۔

خیال رہے کہ نیب نے پاناما پیپرز میں انکشافات کے بعد علیم خان کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

مزیدخبریں