لاہور: صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے لیے پانچ رکنی ٹیم کی منظوری دے دی۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ بدھ کے روز 12 جولائی سے 16 جولائی بروز اتوار تک تھائی لینڈ میں منعقد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اعلان کردہ پانچ رکنی ٹیم میں ، چار مرد اور ایک خاتون ایتھلیٹ شامل ہیں۔ جیولن تھرو کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور یاسر سلطان بھی چیمپیئن شپ ایونٹ میں حصہ لیں گےجبکہ شجر عباس 100 اور 200 میٹر سپرنٹ ریس میں حصہ لیں گے۔
ذرائع کا مزید بتاناہے کہ عبدالمعید 200 میٹر سپرنٹ اور 400 میٹر ریس میں جبکہ عیشا عمران 100، 200 اور 400 میٹر ریس میں حصہ لیں گی۔
ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ ایونٹ سے شرکاء کو 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19ویں ایشین گیمز کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نیشنل گیمز میں شامل نہیں تھی کیونکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے فیڈریشن پر تین کھلاڑیوں کے طبی معالجے کے دوران ممنوعہ اشیاء کے استعمال پر ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر انہیں نیشنل گیمزلیگ سے باہر کر دیا گیا تھا۔