کراچی:شہر قائد میں نظارت خانے میں آتشزدگی کے باعث کیسز میں ضبط موٹر سائیکل ، رکشے اور گاڑیاں جل گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں لگنے والی آگ کے باعث کیس پراپرٹیز کی 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، بس، رکشے اور کئی گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔تین گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا،کولنگ کا عمل جاری ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک کے قریب جھاڑیوں میں لگی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی اور اس نے نظارت میں موجود گاڑیوں کو بھی لپٹ میں لے لیا۔نظارت وہ جگہ ہوتی ہے جہاں کیس پراپرٹیز میں پھنسا سامان مثلاً موٹر سائیکل، بس، ٹرک، گاڑیاں اور رکشے اور دیگر سامان لا کر رکھا جاتا ہے اور بوقت ضرورت اسے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، پہلی کوشش تھی کہ آگ سے قریب موجود فلیٹوں کو محفوظ رکھا جائے جس میں کامیاب رہے۔ حکام کا بتانا ہے کہ نظارت میں آتشزدگی کے باعث 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، ایک بس، دو رکشے اور دو درجن سے زائد گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔