تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور ہر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، محمد حسنین

تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور ہر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، محمد حسنین
کیپشن: تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور ہر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، محمد حسنین
سورس: فائل فوٹو

لاہور: (ارسلان جاوید) فاسٹ باولر محمد حسنین نے کہا ویون رچرڈز ایک لیجنڈ ہیں ان کی ڈگ آؤٹ میں موجودگی ہمیشہ ٹیم کے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔ ٹیم کا ماحول ہی ایک الگ ہوتا ہے ان کا کھلاڑیوں کو اعتماد دینا بہت اچھا ہوتا ہے۔

روزنامہ نئی بات کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ باولر محمد حسنین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ میں رہ کر روم میں ٹریننگ کرتے ہیں اور مویز وغیرہ دیکھتے باقی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کر کے وقت گزارتے ہیں۔ اس سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیش کے سوال پر فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ پچھلے چار پانچ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کافی حاوی رہی ہے تاہم اس سال کراچی میں ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہیں کر سکے لیکن ابوظہبی میں نئے سرے سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اور تمام کھلاڑی پریکٹس میں اچھے ردہم میں نظر آ رہے ہیں اور ہر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

محمد حسنین نے کہا ہے کہ ڈیل اسٹین کی کمی ضرور محسوس کر رہے ہیں اور ڈیل اسٹین لیجنڈ ہیں انہیں ٹی وی پر دیکھا اور اب ان کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔ ڈیل اسٹین کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے کافی کچھ سیکھنے کو ملا ان کی جگہ نئے باولر بھی کافی تجربہ کار ہیں ۔ اس سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈگ آؤٹ میں ویون رچرڈز کو فینز کافی مس کر رہے ہیں تاہم جب محمد حسنین نے کہا ہے کہ ویون رچرڈز ایک لیجنڈ ہیں ان کی ڈگ آؤٹ میں موجودگی ہمیشہ ٹیم کے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔ ٹیم کا ماحول ہی ایک الگ ہوتا ہے ان کا کھلاڑیوں کو اعتماد دینا بہت اچھا ہوتا ہے۔

سرفراز احمد کی کپتانی اور ان کے جذباتی انداز پر سوال کے جواب میں نوجوان باولر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ایک بہترین کپتان ہیں وہ کھلاڑیوں کو مصروف رکھتے ہیں اور ان کا انداز ہی ایسا ہے باہر دیکھنے والے کو جذباتی لگتے ہیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو بہت اٹھا کر رکھتے ہیں اور ان کی کپتانی میں کھیلنے کا مزہ آتا ہے میں اپنے کیرئیر کا آغاز بھی انہی کی کپتانی میں کھیلا۔ اپنے کرکٹ کے سفر کے بارے میں محمد حسنین نے کہا کہ میں نے اپنی کرکٹ کا آغاز بھی گلی محلے سے کیا جس کے بعد کلب جوائن کیا اور انڈر 16 انڈر 19 کرکٹ کھیلی۔ ایک لمبا سفر تھا لیکن انڈر 16 سے کرکٹ کھیلنا شروع کیا اور ایک ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ نے دیکھا جہاں سے مجھے پک کیا ۔ 

ٹیم کے ماحول کے بارے بات کرتے ہوئے حسنین نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں زیادہ تر کھلاڑی شروع دن سے ساتھ کھیل رہے ہیں مینجمنٹ بھی بہت سپورٹ کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم تمام لوگ ایک فیملی کی طرح رہتے ہیں۔ کوئٹہ کے گلیڈی ایٹرز کے علاوہ کسی اور فرنچائز کی طرف سے کھیلنے کا سوچ بھی نہیں سکتا اور نہ ہی یہ لوگ مجھے چھوڑیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بعد اگر کوئی ٹیم پسند ہے تو وہ اسلام آباد یونائیٹڈ ہے لیکن کھیلنا مجھے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے لیے ہی ہے۔ 

محمد حسنین کا ماننا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شاہین آفریدی کے ساتھ جوڑی اچھی بنتی ہے کیونکہ انڈر 19 میں بھی ان کے ساتھ کھیلا ہوں تو ان کے ساتھ بالنگ کرکے اچھا لگتا ہے ہم دونوں کی انڈرسٹیڈنگ بھی کافی بہتر ہے اور ویسے بھی شاہین آفریدی اس وقت دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلرز کی فہرست میں شمار کرتے ہیں تو ان کے ساتھ باولنگ کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں ان کے ساتھ باولنگ سے دوسرے اینڈ سے اچھی مدد ملتی ہے۔ کوئٹہ کے اندر نسیم شاہ کے علاوہ باقیوں کے ساتھ بھی بات چیت ہوتی ہے تو باولنگ کرنا اتنا مشکل نہیں ہوتی۔ محمد حسنین کہتے ہیں کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بلے باز ہیں جب ساتھ پریکٹس کرتے ہیں تو انہیں باولنگ کرتے خاصہ مزہ آتا جو چیلنجنگ ہوتا ہے۔

انہوں نےکہا  پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلرز وقار یونس، وسیم اکرم، محمد سمیع اور شعیب اختر کو دیکھ کر باؤلنگ کرنے کا شوق پیدا ہوا اور تبھی کرکٹ کھیلنا بھی شروع کیا۔ میں کافی پرامید ہوں کے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھاؤں اور کئی فتوحات پاکستان کے نام کروں۔ پاکستان کے لیے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر نگاہیں مرکوز کیے ہوئے ہوں میری کوشش ہے کہ اس ورلڈ کپ میں بہترین باولر بنوں اور پاکستان کی فتح میں اپنا کردار ادا کر سکوں۔

تحریر: ارسلان جاوید