پاکستان میں مہنگائی افغانستان،بنگلادیش،بھارت سےزیادہ ہے،بلاول بھٹو

08:23 PM, 12 Jun, 2021

کراچی :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے ملک میں آج تاریخی مہنگائی اوربےروزگاری ہے،پاکستان میں مہنگائی کی شرح افغانستان،بنگلادیش،بھارت سےزیادہ ہے،ملک میں بےروزگاری عمران خان کی تبدیلی کی اصل شکل ہے،پاکستان میں مہنگائی تاریخی سطح پر ہے اور وفاقی حکومت کو عوام کی فکر ہی نہیں،موجودہ حکومت میں جتنی بے روزگاری ہوئی  اتنی ماضی میں کبھی نہیں ہوئی۔

بلاول بھٹو نے خورشید شاہ کے بیٹے کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا خورشید شاہ کے بیٹے کو نیب نے جان بوجھ کر گرفتار کیا ہے،خورشید شاہ کے بیٹے کی گرفتاری دراصل کارکنان کو دھمکانے کی کوشش ہے،لیکن حکومت کو بتانا چاہتے ہیں پیپلزپارٹی ان حربوں سے نہ پہلے کبھی گھبرائی تھی اور نہ ہی آج گھبرائے گی ،پیپلزپارٹی جمہوریت کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔

انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کی حکومت ملک بھر میں آ رہی ہے ،پیپلزپارٹی ماضی کی طرح ملک کے مسائل کو بھر پور محنت سے حل کر ے گی ،آج بھی سندھ کے صوبے کی شناخت ہے تو پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے،خیبرپختونخوا اور وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے،صوبائی حکومت کو چاہئے تھا وہ خیبرپختونخوا کے مسائل خود حل کرتی،صوبائی حکومت کا فرض ہے خیبرپختونخوا سے جو بھی ٹیکس حاصل ہو وہ اپنے عوام پر خرچ کرے۔

بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئےکہا اگر ہم مسلم لیگ (ن) کی بات مان جاتے تو سینیٹ میں ہماری اکثریت نہ ہوتی،اگر ان کی بات مان جاتے تو ڈسکہ میں وہ کیسے جیت پاتے،میدان میں اترنا اور مقابلہ کرنا صحیح سیاست ہے،ہر جماعت میں کمپیٹیشن ہوتا ہے،اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی،ہم سب کو ساتھ ملا کر آگے بڑھ ر ہے ہیں ،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کو دعوت دی ہے،جمہوریت کیلئے ہر کسی کیساتھ چلنے کیلئے تیار ہیں، ہم حکومت کو بہت جلد ٹف ٹائم دیں گے،پی ڈی ایم کااتحادجمہوری اتحاد نہیں،الیکشن ترامیم پر بات کرتے ہوئے بلاول نے کہا  چاہتے ہیں جتنے بھی نمائندے منتخب ہوں انہیں عوام منتخب کریں۔

انہوں نے کہا  فاٹا کے قبائلی علاقوں کے ساتھ بہت نا انصافی کی گئی ہے ،موجودہ حکومت نے قبائلیوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے،ان کا کوئی پرسان حال نہیں،جب پیپلز پارٹی کی حکومت برسر اقتدار آئے گی تو قبائلیوں کو ان کا پورا حق دیں گے۔

مزیدخبریں