لاہور: گرمیوں سے ستائے شہریوں کے لئے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد سمیت ملک کے بعض علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے آج لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ، پشاور، مردان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم رہے گا۔ سبی اور نوکنڈی میں درجہ حرارت اڑتالیس تک جانے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 جون سے 14 جون تک کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی خیبر پختو نخوا اورشمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔
خیال رہے کہ ملک بھر کے بیشتر علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ جون میں ملک بھر کے موسم سے متعلق پیش گوئی کی ہے کہ رواں ماہ کے دوران دو سے تین بارشوں کے سلسلے ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ جون کے ابتدائی ہفتوں کی نسبت آخری دو ہفتے بارشوں کے باعث بہتر رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ کے دوران پہاڑوں پر سے برف پگھلنے کے سلسلے میں تیزی آئی گی۔