اتر پردیش: بیوی کے انتقال کے کچھ عرصے بعد سالی سے شادی جیسے واقعات تو اکثر و بیشتر دنیا بھر میں دیکھنے میں آتے ہیں لیکن بھارت میں اس نوعیت کا ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں کم عمر دلہن اپنی شادی کی رسم پھیروں سے قبل بے ہوش ہو کر گر پڑی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی میں شریک خاتون نے بتایا کہ دلہن شادی کے روز بہتر محسوس نہیں کر رہی تھی جس کے بعد وہ بے ہوش ہو کر گر گئی۔ واقعے پر ایمبولنس کو بلایا گیا تو پیرامیڈیکس نے دلہن کی موت کی تصدیق کر دی۔
شادی میں شریک لوگوں کا خیال تھا کہ دلہن کے انتقال کے بعد اب شادی کی تقریب منسوخ کر دی جائے گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔
دلہن کے انتقال کے بعد دولہا منجیش کے گھر والوں نے لڑکی کے گھر والوں سے بات چیت کی اور متبادل حل تلاش کرنے پر متوجہ کیا اور اس دوران دولہا کو اس کی ہونے والی سالی سے شادی کا مشورہ دیا گیا جسے دلہن کے گھر والوں نے مان لیا اور پھر دونوں کی شادی کرا دی گئی۔
دلہن کے بھائی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک عجیب صورتحال تھی کہ میری ایک بہن کی میت ایک کمرے میں پڑی تھی اور دوسرے کمرے میں دوسری بہن کی شادی ہو رہی تھی۔