لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن کی دو مزید تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں لندن میں علاج کے لیے موجود سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو دیگر افراد کے ہمراہ ہائیڈ پارک میں چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی دوسری تصویر میں نواز شریف اپنے صاحبزادے اور دیگر افراد کے ساتھ ایک بینچ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن کے ایک کافی شاپ میں خاندان کے افراد کے ساتھ بیٹھے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر اپوزیشن کی جانب سے ان کی صحت پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
اس تصویر کے وائرل ہونے پر ن لیگ کی رہنما اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے لیکن موجودہ حکومت نواز شریف سنڈروم کے لاعلاج مرض میں مبتلا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف عدالتوں سے طبی بنیاد پر ضمانت کے بعد حکومتی اجازت سے 19 نومبر 2019 سے علاج کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔
نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا اور انہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کی طبیعت واقعی بہت خراب ہے لہٰذا انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی ایک بار اجازت دے رہے ہیں۔