اسلام آباد پولیس نے امریکی شہری سینتھیا پر مقدمہ درج کرنے سے معذرت کرلی

12:18 PM, 12 Jun, 2020


اسلام آباد : پولیس نے امریکی شہری سینتھیا ڈی رچی کی جانب سے بے نظیر بھٹو پر الزامات عائد کرنے پر مقدمہ درج کرنے سے معذرت کرلی۔

پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر الزامات کا مقدمہ سائبر کرائم کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی اے رجسٹر کرسکتی ہے۔سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری نے پیپلز پارٹی کارکن وقاص عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بےنظیر بھٹو پر الزامات عائد کر کے سینتھیا ڈی رچی نے قابل دست اندازی جرم کیا، پولیس کو درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا۔

عدالتی نوٹس پر تھانہ بنی گالا پولیس کے حکام پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ یہ سوشل میڈیا پر الزام لگایا گیا اور ایف آئی اے کا کیس بنتا ہے ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں، سوشل میڈیا کے معاملہ پر مقدمہ درج کریں۔ اسلام آباد پولیس نے سینتھیا ڈی رچی کیخلاف مقدمہ ایف آئی اے کا اختیار قرار دے دیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہماری درخواست پر تعزیرات پاکستان کی دفعات بنتی ہے، پولیس مقدمہ درج کر سکتی ہے صرف بہانہ بنا رہی ہے، دفعہ 500 اور 505 کے تحت پولیس کو مقدمہ درج کرنیکا اختیار ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں