کرکٹ ورلڈ کپ : کینگروز نے شاہینوں کو 41 رنز سے ہرا دیا

کرکٹ ورلڈ کپ : کینگروز نے شاہینوں کو 41 رنز سے ہرا دیا
کیپشن: image by Cricinfo

ٹوئنٹن : کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے شاہینوں کو 41 رنز سے شکست دیدی ، وارنر نے شاندار سنچری سکور کی ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، کینگروز نے پہلی اننگز میں شاہینوں کو فتح کے لیے 308 رنز کا ہدف دے دیا ، اوپننگ بلے باز اور کپتان ارون فنچ نے 84 گیندوں پر شاندار 82 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ڈیوڈ وارنر نے 111 گیندوں پر 107 سکور کیے جس میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے ، ڈیرن سمتھ نے ایک چوکے کی مدد سے 13 گیندوں پر 10 سکور کیے۔

میکسویل نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے دس گیندوں پر 20 سکور کیے ، مارش نے 26 گیندوں پر 23 سکور کیے جس میں دو چوکے شامل تھے۔خواجہ نے تین چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 18 سکور کیے ، نائل تین گیندوں پر دو رنز بنا سکے ، اسی طرح کمنز نے چھ گیندوں پر دو سکور کیے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے صرف 30 رنز کے عوض پانچ کھلاریوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں ، حسن علی ، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

مطلوبہ ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 266 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ، اوپننگ بلے باز امام الحق نے 53 ، بابر اعظم نے 30 ، محمد حفیظ نے 49  گیندوں پر 46 سکور کیے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے ۔

کپتان سرفراز احمد نے 48 گیندوں پر 40 سکور کیے جس میں ایک چوکا شامل تھا، حسن علی نے 15 گیندوں پر 32 سکور کیے جس میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، سٹارک اور رچرڈسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔نائل اور فنچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔