ٹاﺅنٹن :ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا جبکہ بارش ہونے کا بھی امکان ہے،میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر اڑھائی بجے کھیلا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق پاک آسٹریلیا میچ ناؤنٹن کے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔قبل ازیں سری لنکا کے ساتھ میچ میں موسم نے رنگ میں بھنگ ڈالا اور کھیل بارش کے باعث شروع ہی نہ ہوسکا جس کے سبب پاکستان کو ایک ممکنہ پوائنٹ سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔
آج پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں پوزیشن بہتر بنانے کے لیے کینگروز اور بارش سے مقابلے کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ میں بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔
ورلڈکپ 2019 کے جاری مقابلوں میں قومی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیل کر تین پوائنٹ حاصل کیے ہیں جس میں فتح اور شکست کا تناسب برابر رہا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا۔پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور پہلے ہی مقابلے میں ویسٹ انڈیز سے شکست ہوئی۔
اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ کو ہرا جب کہ سری لنکا کے ساتھ میچ میں بارش کی وجہ سے صرف ایک پوائنٹ مل سکا۔