ممبئی : بالی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کے امریکی ٹی وی کے ایکشن تھرلر ڈرامے ’کوانٹیکو‘ میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر جہاں پورا ہندوستان غصے میں ہے، وہیں بالی وڈ اداکارہ پوجا بھٹ ان کے حق میں سامنے آئی ہیں۔
پریانکا چوپڑا کے ڈرامے ’کوانٹیکو‘ کے تیسرے سیزن جو رواں برس اپریل سے امریکی ٹی وی ’اے بی سی‘ پر ریلیز کردیا گیا، اس کی رواں ماہ جون کے آغاز میں ریلیز ہونے والی قسط میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھایا گیا تھا۔
ڈرامے میں دکھایا گیا تھا کہ چند بھارتی امریکی شہر مین ہٹن میں بم دھماکہ کرنے اور اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، جسے پریانکا چوپڑا اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ناکام بنا دیتی ہیں ، ڈرامے میں پریانکا چوپڑا نے امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے۔
ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا پر تنقید کی گئی تھی، جس کے بعد اداکارہ نے 2 دن قبل عوام سے معافی بھی مانگی تھی۔
پریانکا چوپڑا نے ٹوئیٹ کے ذریعے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ڈرامے سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ تہ دل سے معافی کی طلبگار ہیں۔
ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد کے طور پر دکھانے کے خلاف ہندوستان بھر میں مظاہرے بھی کیے گئے تھے، جن میں شامل افراد نے پریانکا چوپڑا کی تصاویر اور مجمسوں کو آگ لگادی تھی۔