اسد شفیق نے مستقبل میں غلطیاں نہ دہرانے کی ٹھان لی

06:14 PM, 12 Jun, 2018

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے مستقبل میں غلطیاں نہ دہرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ایک انگلش کاﺅنٹی ٹیم سے بات ہوئی تھی مگر انھیں فوری طور پر متبادل کھلاڑی درکار تھا، ویزا معاملات کی وجہ سے میں جلد جوائن نہیں کر سکتا تھا اس لیے وطن واپس آ گیا، اب ایک اور ٹیم سے بات چیت چل رہی ہے ، مثبت جواب آنے پر چلا جاﺅں گا۔

اسد شفیق نے کہا کہ انگلینڈ میں بطور ٹیم ہم نے اپنا مقصد حاصل کیا اور سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہے البتہ بطور کھلاڑی میں یہ سوچ کر گیا تھا کہ کم از کم ایک سنچری بناﺅں گا ایسا نہ ہونے کا افسوس ہے، کوشش کر رہا ہوں کہ 50،60 رنز کے بعد جو غلطیاں کر رہا ہوں انھیں مستقبل میں نہ دہراﺅں اور ففٹی کو سنچری میں تبدیل کروں۔

بیٹسمین نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق عظیم بیٹسمین تھے، دونوں نے پاکستان کو کئی میچز جتوائے، ان کے بعد اب مجھ سمیت سرفراز احمد اور اظہر علی پر بھاری ذمہ داری عائد ہے کہ اچھے کھیل سے یہ خلا پُر کریں۔ امید ہے کہ اس میں کامیاب رہیں گے۔ اسد شفیق نے کہا کہ میں قومی ٹیم میں آنے سے پہلے ہمیشہ ابتدائی نمبرز پر بیٹنگ کرتا تھا، پاکستان کیلئے کئی برس نمبر 6پر کھیلا، اب 4پر آتا ہوں، کوشش ہے کہ اچھا پرفارم کرتا رہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی چیلنج

اسد شفیق نے کہا کہ کوچ مکی آرتھر نہ صرف مجھے بلکہ پوری ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرتے ہیں، اگر کوئی کھلاڑی 1،2 میچز میں اچھا پرفارم نہ کرے تو کوچ اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں جس سے جلد فارم میں واپسی میں مدد ملتی ہے، انھوں نے کہا کہ سرفراز سے میری دوستی گراﺅنڈ کے باہر کی ہے، فیلڈ میں وہ بہت جارحانہ انداز اپناتے ہیں اور غلطی پر مجھ سے بھی کوئی رعایت نہیں برتتے۔ ان کے دورِ قیادت میں قومی ٹیم ترقی کی نئی منازل طے کررہی ہے۔

  

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں


 

مزیدخبریں