انتخابات میں کراچی سے کلین سوئپ اور بلوچستان میں سرپرائز دینگے: مصطفیٰ کمال

04:45 PM, 12 Jun, 2018

کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم عام انتخابات میں کراچی سے کلین سوئپ اور بلوچستان میں بھی سرپرائز دیں گے، ہم نے جیسے پہلے کراچی شہر کو بنایا تھا ایک بار پھر بنائیں گے، ہمارا مقابلہ دو پیسوں والی جماعتوں سے ہے، کراچی میں ملیر کے ایک علاقے میں قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 2 لاکھ 35 ہزار ووٹوں پر بنایا گیا، یہ انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔

منگل کو کراچی میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی سندھ سے انتخابات میں حصہ لے گی اور کراچی سے کلین سوئپ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جیسے پہلے کراچی شہر کو بنایا تھا ایک بار پھر بنائیں گے اور وہاں چند نشستوں پر پیپلز پارٹی سے ہمارا مقابلہ ہوگا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا ہمارا مقابلہ دو پیسوں والی جماعتوں سے ہے، جس پیسے سے شہریوں کو پانی دینا تھا اور کچرا اٹھانا تھا اس سے الیکشن مہم چلائی جا رہی ہے۔ سربراہ پی ایس پی نے دعوی کیا ہے کہ انتخابات میں ان کی جیت سے سب کو فائدہ ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نگراں وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات،انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی:جسٹس(ر)ناصر الملک
 
 حلقہ بندیوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پہلے مردم شماری میں دھاندلی ہوئی جس کے بعد صوبائی حکومت نے حلقہ بندیوں میں دھاندلی کی۔ مصفطیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں ملیر کے ایک علاقے میں قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 2 لاکھ 35 ہزار ووٹوں پر بنایا گیا اور ساتھ میں 4 لاکھ 10 ہزار ووٹوں سے ایک حلقہ بنایا گیا، جو انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں