کراچی: احتساب عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اور شہباز شریف کو انتخابات کے وقت سندھ یاد آتا ہے اور انتخابات میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان تمام سیاسی جماعتوں سے ہو گا جن کے کوئی اصول نہیں۔ عام انتخابات کے بعد مخلوط حکومت بنے گی اور کراچی سے عمران خان کا جیتنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
آئندہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے دیگر حلقوں کی نسبت میرے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور لوگ مجھے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ منتخب کریں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے علاوہ کرپشن الزامات کا شکار دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔ نواز شریف کا وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے جبکہ میں 8 ماہ سے جیل میں ہوں اور میں 8 مہینے سے جیل میں پڑا ہوں کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان اور اہلیہ کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری
انہوں نے کہا عمران خان کے فرنٹ مین زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں تھا لیکن آدھے گھنٹے میں عدالتی حکم کے بغیر زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے خارج کر کے اسے ملک سے باہر جانے دیا۔ زلفی بخاری برطانیہ میں عمران خان کے اخراجات برداشت کرتے ہیں اور پاکستان میں بھی زلفی بخاری ہی عمران خان کا کچن چلاتے ہیں جبکہ نیب کا سندھ اور پنجاب میں دوہرا معیار کیوں ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار پر تنقید کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار کے ساتھ مقافات عمل ہو رہا ہے۔ چوہدری نثار نے جس طرح لوگوں کے ساتھ ظلم کیا اور نام ای سی ایل میں ڈالے اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں