پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی

08:19 PM, 12 Jun, 2017

کارڈیف : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ۔  سری لنکا کے 236 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کے  کپتان  سرفراز احمد  اور محمد عامر نے  ذمہ دارانہ بلے بازی کر  کے  قومی  ٹیم  کو فتح دلوادی۔پاکستان نے 3 وکٹوں سے سری لنکا کو شکست سے  دوچار  کیا ۔

 قومی ٹیم کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں  نے اچھے کھیل کا آغاز کیا اور ٹیم کو 74 رنز کی شراکت داری فراہم کی۔فخر زمان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے 50 رنز مکمل کیے تاہم وہ اس سے آگے نہ بڑھ سکے اور پرادیپ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 92 رنز کے مجموعے پر گری جب بابر اعظم مڈ وکٹ پر کھڑے فیلڈر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ محمد حفیظ ایک بار پھر کوئی خاص کاردگی نہ دکھا سکے اور 5 بالوں میں صرف 1 رنز بنا کر پویلین کی جانب لوٹ گئے ۔

شعیب ملک بھی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ اس کے بعد وکٹ پر کپتان کا ساتھ دینے عماد وسیم آئے اور صرف 3 بالز کھیل کر 4 رنز بنائے اور ویسی کا ٹکٹ کروا لیا ۔اس کے بعد وکٹ پر آل راؤنڈر فہیم اشرف آئے اور اچھا کھیل پیش کیا ۔لیکن بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ پر کپتان کا ساتھ دینے محمد عامر آئے ہیں اور اطمینان کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔محمد عامر نے 28 اور کپتان سرفراز احمد  61 رنز کی کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ۔پاکستان کپتان سرفراز احمد نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ۔

اس سے قبل کارڈف کے صوفیا گارڈن گراؤنڈ میں جاری میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لنکن ٹائیگرز کی جانب سے نروشین ڈکویلا اور دنشکا گناتھیلاکا نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط کھیلتے ہوئے بڑی شراکت بنانے کی کوشش کی ہی تھی کہ 26 کے مجموعے پر گناتھیلاکا 13 رنز بنا کر جنید خان کا شکار بن گئے۔ 

دوسری وکٹ پر ڈکویلا اور مینڈس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف زبردست اسٹروکس کھیلے اور دونوں بلے بازوں نے 56 رنز کی شراکت قائم کی تو 82 کے مجموعی اسکور پر مینڈس حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔161 کے مجموعی اسکور پر جب محمد عامر نے انجیلو میتھیوس کو 39 رنز پر بولڈ مار کر چلتا کیا تو سری لنکن بلے بازی بری طرح بپھر گئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں ہی 236 رنز  بنا کر ڈھیر ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے اوپنر ڈک ویلا سب سے زیادہ 73 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کے محمد جنید اور حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جب کہ محمد عامر اور فہیم اشرف 2،2 وکٹیں حاصل کرسکے۔

آج کا میچ جیتنے والی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلے گی اور ہارنے والی ٹیم واپسی کا ٹکٹ کٹائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجموعی طور پر 147 ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 84 اور سری لنکا نے 58 میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ ٹائی اور چار کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
  

مزیدخبریں