دوحہ: قطر کے مرکزی بینک نے کہا ہے کہ سفارتی بحران کے باوجود ملک بھر کی برانچوں میں مالی ٹرانزیکشنز اور دیگر امور پر کام معمول کے مطابق جاری ہے۔
پیر کو قطر کے مرکزی بینک کے گورنر شیخ عبداللہ بن مسعود الثانی نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر کے مرکزی بینک میں مقامی سطح پر اور بیرون ملک دیگر بینکوں کے ساتھ کاروبار اور مالی لین دین کا سلسلہ معمول کے مطابق ہو رہا ہے۔
انہوں نے سفارتی بحران کے باعث مرکزی بینک کی ٹرانزیکشن یا لین دین بند ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قطر کے ساتھ بعض ممالک کی جانب سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے باوجود مرکزی بینک اپنا کام معمول کے مطابق کر رہا ہے حالانکہ یہ سفارتی بحران انتہائی بڑا بحران ہے۔