اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کے استعفے کے بغیر ممکن نہیں جے آئی ٹی کام کر سکے کیونکہ جے آئی ٹی کے کام میں رکاوٹ بھی جرم ہے۔ جے آئی ٹی تحقیق کے دوران مجھے اطلاع ملی کہ الیکشن کمیشن جعلی کاغذات بنا رہا ہے۔ ملک میں ایک شخص کی کرپشن بچانے کے چکر میں تمام ادارے خراب کر دیئے گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اس موقع پر دو مطالبات کئے کہ وزیراعظم جمعرات سے پہلے مستعفی ہو جائیں دوسرا جے آئی ٹی رپورٹ پبلک کی جائے۔ عمران خان نے کہا اگر سیاستدان مقبول ہے تو کیا اس کو کرپشن کی اجازت ہے؟ یا پھر قانون بنا دیں کہ سیاستدانوں کیلئے کوئی عدالت نہ ہو۔ حکمرانوں کی نااہلی اتنی ہے کہ قطری خط لے آئے اور اب قطری نہیں آ رہا تو اس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم کا کیس ختم ہو گیا۔
مزید پڑھیں: تصویر لیک کا معاملہ، جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کر دی
چیئرمین تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا موٹو گینگ پہلے مٹھائیاں بانٹ رہا تھا اب جے آئی ٹی پر حملے کر رہا ہے جبکہ نواز شریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر احسان نہیں کر رہے وہ ملزم ہیں۔ اگر یہ لوگ حق پر ہوتے تو میری طرح منی ٹریل پیش کر دیتے۔ عمران خان نے طاہر القادری کے حوالے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ انہیں پتا کہ وہ پاکستان آ گئے ہیں۔
یاد رہے وزیراعظم نواز شریف جمعرات 15 جون کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے صبح 11 بجے پیش ہوں گے۔ جے آئی ٹی کا سمن موصول ہونے کے بعد رائیونڈ میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نوازشریف نے کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے دوران قانونی ماہرین نے وزیراعظم کو ان کے بیٹوں کی پیشی اور حسین نواز، صدر نیشنل بینک سعید احمد کی درخواستوں سے متعلق بریفنگ دی جبکہ اب تک کی کارروائی پر بھی مشاورت کی گئی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں