تصویر لیک کا معاملہ، جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کر دی

02:46 PM, 12 Jun, 2017

اسلام آباد: حسین نواز کی تصویر کس نے لیک کی جے آئی ٹی نے کھوج لگا لیا۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاناماعملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے سربمہر لفافے میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیئے کہ تصویر کس نے لیک کی اور اس کیخلاف کیا کارروائی ہوئی رپورٹ میں سب موجود ہے۔ جے آئی ٹی کو اعتراض نہ ہو تو رپورٹ پبلک بھی کی جا سکتی ہے۔

عدالت نے حسین نواز کے وکیل کو جے آئی ٹی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے جے آئی ٹی کو درپیش مشکلات کے حوالے سے درخواست پر بھی سماعت کی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ سنگین الزامات ہیں کہ ریاستی ادارے ریکارڈ میں ٹمپرنگ اور تبدیلی کر رہے ہیں اگر ریکارڈ تبدیل کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ جن ریاستی فنکشنریز کو جے آئی ٹی بلاتی ہے وہ سپریم کورٹ کو خط کیوں لکھ رہے ہیں؟۔ جسٹس اعجاز افضل نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جے آئی ٹی کے پاس ساٹھ دن کا وقت ہے تحقیقات مقررہ مدت میں مکمل ہونی چاہئے۔

عدالت نے جے آئی ٹی کی درخواست اور حسین نواز کی تصویر لیک سے متعلق اٹارنی جنرل سے جواب طلب کیا اور جے آئی ٹی کی کارروائی کی ریکارڈنگ سے متعلق رائے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں