لندن: روس کی شہرہ آفاق ٹینس اسٹار ماریا شیرا پووا فٹنس مسائل کے باعث رواں ماہ سال کے تیسرے اور سب سے بڑے گرینڈ سَلم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کے کوالیفائنگ ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔ پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپیئن گزشتہ ماہ اٹالین اوپن کے دوران انجری کا شکار ہو گئی تھیں۔ ماریہ شیرا پووا ان دنوں وہ آرام کر رہی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جولائی کے آخر میں ٹینس کورٹس میں واپس آ جائیں گی۔
شیرا پووا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز نے انہیں طبی معائنے کے بعد مزید آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث انہوں نے ومبلڈن کوالیفائنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں سابق ومبلڈن چیمپیئن نے مزید کہا میں انجری سے چھٹکارہ پانے کے لیے سخت محنت کروں گی اور مجھے پوری امید ہے کہ جولائی کے آخر میں کورٹس میں واپسی کے قابل ہو جاؤں گی۔
ماریہ شیرا پووا نے 2004 میں امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ومبلڈن وومینز سنگلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ 2006 میں یو ایس اوپن، 2008 میں آسٹریلین اوپن، 2012 اور 2014 میں فرینچ اوپن کے وومینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہیں۔
یاد رہے اقوام متحدہ نے روس کی ٹینس سٹار ماریا شراپوا کو ممنوع ادویات کے ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد خیر سگالی سفیر کے عہدے سے معطل کر دیا تھا۔ ماریا شیرا پووا کا جنوری میں میلڈونیم نامی دوا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور انہوں نے خود تسلیم کیا تھا کہ وہ طبی وجوہات کی وجہ سے گزشتہ دس سالوں سے میلڈونیم نامی دوا کا استعمال کر رہیں تھیں۔ اس ممنوعہ دوا کو ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے گزشتہ سال یکم جنوری سے ممنوعہ ادویات کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں