نہال ہاشمی کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، نعیم الحق

01:17 PM, 12 Jun, 2017

اسلام آباد: نہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے نکالنے کے بعد اپنے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ (ن) لیگ کی روایت ہے وہ لوگوں کو ہٹا کر واپس لے لیتے ہیں۔ نہال ہاشمی کو (ن) لیگ سے فارغ کر کے (ن) لیگ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے مگر ایسا نہیں ہو گا ان کا مزید کہنا تھا بہت جلد وزیر اعظم نواز شریف بھی نااہل ہونے والے ہیں ۔

دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی اپنے ردعمل میں میں کہا کہ نواز شریف نے نہال ہاشمی سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا اور نہال ہاشمی نے پلاننگ کے تحت استعفی واپس لیا کچھ وقت بعد نہال ہاشمی کو (ن) لیگ پھر واپس بلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں آئندہ دو ہفتے انتہائی اہم ہیں کیونکہ وزیر اعظم نواز شریف نااہل ہونے والے ہیں اور (ن) لیگ کی سیاست کا خاتمہ ہونے والا ہے۔

آج مسلم لیگ (ن) کی انضباطی کمیٹی کی سفارش پر دھمکی آمیز تقریر کے معاملے پر سینیٹر نہال ہاشمی کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 31 مئی کو نہال ہاشمی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اپنی جذباتی تقریر کے دوران لیگی سینیٹر دھمکی دیتے نظر آئے تھے کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔

سینیٹر نہال ہاشمی کی غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز تقریر کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے نہال ہاشمی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔ انہوں نے سینیٹ سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا تاہم بعد ازاں نہال ہاشمی نے سینیٹ چیئرمین رضا ربانی سے اپنا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے استعفیٰ دباؤ کے ماحول میں دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں