اسلام آباد: دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جارحیت پر مذمت اور فائرنگ سے شہری کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی تازہ فائرنگ سے دو شہری شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ بھارت کا اس طرح سول آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے بھارت 2003 کے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔
واضح رہے آج بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جندروٹ اورتتہ پانی سیکٹرمیں سول آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید ہو گئے۔ جاں بحق شہریوں کی شناخت 18 سالہ وقار یونس اور 19 سالہ اسد علی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 30 سالہ محمد شہباز، 35 سالہ شمائلہ، خورشید اور 14 سالہ حفصہ شبیر زخمی ہوئیں ہیں۔ جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کا تعلق بھابھرا گاؤں سے ہے جب کہ زخمی دونوں خواتین چک رالی گاؤں کی رہائشی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ اطلاعات عامہ کے مطابق بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے بھی بھر پور جواب دیا ہے اور بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں