کوئٹہ: تین اہلکاروں کی شہادت، نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج

12:09 PM, 12 Jun, 2017

کوئٹہ: سریاب روڈ پر 3 پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ کیچی بیگ تھانے میں درج کر لیا گیا ۔ گزشتہ روز کوئٹہ کے سریاب روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان پولیس ناکے پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے تھے جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ تاہم قتل کا مقدمہ کیچی بیگ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او فرید کی مدعیت میں درج کیا گیا جب کہ مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا تھا۔  پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

واضح رہے  پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں اور صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت کی بھی کئی واردتیں رونما ہو چکی ہیں۔

گزشتہ مہینے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس عمر الرحمٰن شہید جبکہ ان کے بھتیجے سب انسپکٹر بلال شمس زخمی ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں